واٹس ایپ گروپس میں ممبران کی تعداد بڑھا کر 1500 کرنے کا فیصلہ، نئی اپڈیٹ متعارف

اسلام آباد: معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے گروپ چیٹ میں ممبران کی زیادہ سے زیادہ تعداد 1024 سے بڑھا کر 1500 کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے صارفین ایک ہی گروپ میں مزید افراد کو شامل کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ نے گروپ ممبران کی تعداد بڑھانے کا نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مرحلہ وار دستیاب ہوگا۔

اس وقت واٹس ایپ گروپ میں زیادہ سے زیادہ 1024 ممبران شامل کیے جا سکتے ہیں، تاہم نئی اپڈیٹ کے بعد یہ تعداد 1500 ہو جائے گی، یعنی 476 اضافی افراد کو گروپ میں شامل کیا جا سکے گا۔

اس سہولت سے تعلیمی اداروں، بڑی تنظیموں، مقامی کمیونٹیز اور دیگر بڑے گروپس کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے دیگر سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں پیغامات پن کرنے، مینشنز اور جوابات کے لیے فلٹرز اور نئے ممبران کے ساتھ سابقہ چیٹ ہسٹری شیئر کرنے کی سہولت شامل ہے۔

نئی اپڈیٹ صارفین کو مرحلہ وار فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں