شاہ محمود قریشی کی 9 مئی مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت، تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، جس میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر نوٹس کا جواب جمع کروانے کے ساتھ مقدمے کا مکمل ریکارڈ بھی پیش کریں۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر مزید کارروائی 25 نومبر تک ملتوی کردی۔ شاہ محمود قریشی نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں