قلعہ سیف اللہ: نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس N-50 سیکٹر ون قلعہ سیف اللہ کے بیٹ 02 مسلم باغ میں گیس باؤزر اور آئل ٹینکر ڈرائیورز کو فائر ایکسٹنگوشر کے درست استعمال اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔
ڈی ایس پی غلام اللہ کی نگرانی میں موٹروے پولیس کے افسران نے ڈرائیورز کو آگ لگنے کی صورت میں فائر ایکسٹنگوشر کے استعمال کا طریقہ کار، حفاظتی احتیاطی تدابیر اور ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
افسران نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ سفر شروع کرنے سے قبل گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوشر، بریک سسٹم اور دیگر حفاظتی آلات کی جانچ یقینی بنائیں۔ فیول کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے دوران سگریٹ نوشی اور آگ کے استعمال سے مکمل اجتناب کریں۔
انہیں مزید ہدایت کی گئی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔
اس موقع پر ڈرائیورز نے موٹروے پولیس کی اس آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس N-50 سیکٹر ون قلعہ سیف اللہ اکرم خان ترین کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر اور حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔




