نیب بلوچستان کی جانب سے شکایات کنندگان کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد بمقام دفتر نیب بلوچستان، شاہراہ گلستان، کوئٹہ کینٹ میں 30 جولائی 2026 بروز جمعرات صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق صوبے میں بڑی مالی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے ہر ماہ کی آخری جمعرات کو کھلی کچہری منعقد کی جاتی ہے، جس میں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان شکایت کنندگان کو بذاتِ خود سنتے ہیں۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ تحریری شکایت کے ساتھ نام بمعہ ولدیت، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، مکمل پتہ، دستخط یا نشانِ انگوٹھا، اور موبائل، گھر یا ای میل کا رابطہ لازماً فراہم کریں۔
نیب نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق اب گمنام یا فرضی شکایات پر کارروائی نہیں کی جائے گی، جبکہ صرف ایسی مصدقہ شکایات جو نیب کے دائرہ اختیار پر پوری اتریں گی، قانون کے مطابق کارروائی کے لیے زیر غور لائی جائیں گی۔ ایسی شکایات پر کارروائی سے قبل شکایت کنندہ سے اسٹامپ پیپر پر بیانِ حلفی بھی لیا جائے گا۔
**شکایات نیب بلوچستان کو بذریعہ ڈاک یا بذاتِ خود دفتر نیب بلوچستان، شاہراہ گلستان، کوئٹہ کینٹ، بذریعہ ای میل balochistan@nab.gov.pk، بذریعہ ڈاک یا بذاتِ خود دفتر شکایات نیب واقع ڈی سی آفس انسکمب روڈ، کوئٹہ، یا ہر ماہ کی آخری جمعرات کو کھلی کچہری میں ڈائریکٹر جنرل نیب سے بالمشافہ ملاقات کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ مزید معلومات کے لیے علاقائی دفتر شکایات نیب بلوچستان کے فون نمبر 081-9203614 اور 081-9203468 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔




