کوئٹہ (اولس نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں گریڈ 1 تا گریڈ 15 کی 25 ہزار سے زائد سرکاری آسامیوں کے اشتہارات جاری کر دیے گئے ہیں ان اقدامات کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور گڈ گورننس کے اصولوں کو مضبوط بنانا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گریڈ 16 اور گریڈ 17 کی 4 ہزار خالی آسامیوں کی سمری باقاعدہ طور پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ شفاف، منصفانہ اور آئینی طریقہ کار کے تحت بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ جن محکموں میں ٹیسٹ اور انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے وہاں جلد از جلد تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں گے تاکہ امیدواروں کو مزید انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دیگر محکموں کی خالی آسامیوں پر محکمہ فنانس کے طرز پر آن لائن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں ہی گڈ گورننس کی بنیاد ہیں اور صوبائی حکومت اس اصول پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ اپنے وعدے پر قائم ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کی کوئی بھی نوکری بیچنے نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی اور ہر اہل امیدوار کو اس کا حق میرٹ پر دیا جائے گا۔





