اولس نیوز کی بروقت نشاندہی کے بعد فاطمہ جناح روڈ پر سیوریج کے دیرینہ مسئلے کی جانب متعلقہ حکام کی توجہ مبذول ہوئی۔ علاقے میں سیوریج لائن کی خرابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس سے آمدورفت اور صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا تھا۔
میڈیا میں خبر سامنے آنے کے بعد صورتحال میں فوری پیش رفت دیکھنے میں آئی اور عوامی مسئلے کو سنجیدگی سے لیا گیا۔ ایم پی اے زرک مندوخیل نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
نوٹس کے بعد ایم پی اے زرک مندوخیل نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے سیوریج مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے اور کام کا باقاعدہ آغاز کرایا۔ ان کی ہدایات پر فاطمہ جناح روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی اور مرمت کا عمل شروع کیا گیا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو سکے۔
مرمتی کام کے باعث علاقے میں جمع پانی اور بدبو میں واضح کمی آنا شروع ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو ریلیف ملا۔ علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی اور مسئلے پر توجہ دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فاطمہ جناح روڈ جیسے اہم علاقے میں سیوریج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہونا چاہیے تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔ عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ ادارے مرمتی کام کے ساتھ ساتھ دیرپا حل بھی یقینی بنائیں گے۔




