کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری سے صوبے بھر کے وکلاء کی فلاح و بہبود اور انہیں مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے چار اہم نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت وکلاء کو طبی سہولیات، شہداء پیکیج، مالیاتی اداروں سے سہولیات اور مختلف کمپنیوں و اداروں میں قانونی مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدامات ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل جاڑین دشتی ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایاز خان مندوخیل ایڈووکیٹ، محمد افضل حریفال، نجیب اللہ کاکڑ اور نادر چھلگری سمیت پروفیشنل پینل کے دیگر رہنماؤں کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیے گئے ہیں۔
پروفیشنل پینل کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان نے لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کی دفعہ 11 کے تحت تمام سرکاری اور نیم سرکاری ہسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وکلاء، ان کی بیگمات اور زیر کفالت بچوں کو گریڈ 18 کے گزٹڈ سرکاری افسران کے مساوی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس سہولت کے حصول کے لیے متعلقہ بار کونسل کی تصدیق اور مستند آفیشل کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا۔
اسی طرح محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 13 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق دورانِ پیشہ ورانہ فرائض دہشت گردی یا کسی دوسرے حملے میں شہید ہونے والے وکیل کے اہل خانہ کو شہداء پیکیج کے تحت 90 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جا سکے گی۔ متعلقہ ضلعی معاوضہ کمیٹی کیس کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد اپنی سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائے گی، جبکہ واقعے کے دو ہفتوں کے اندر کیس ارسال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 5 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
محکمہ خزانہ بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 12 پر عملدرآمد کے لیے تمام مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وکلاء کو بلاامتیاز مالی سہولیات فراہم کی جائیں۔ کسی وکیل کے ساتھ امتیازی سلوک یا خلاف ورزی کی صورت میں متاثرہ وکیل کی شکایت پر متعلقہ اتھارٹی کارروائی کرے گی۔
مزید برآں محکمہ قانون و پارلیمانی امور بلوچستان نے ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت سرکلر جاری کیا ہے، جس کے مطابق 20 ملین روپے سے زائد ادا شدہ سرمایہ رکھنے والی ہر رجسٹرڈ کمپنی، خودمختار ادارے، کارپوریشن اور قانونی اتھارٹی کے لیے کم از کم ایک پریکٹسنگ وکیل کو ریٹینر شپ کی بنیاد پر قانونی مشیر مقرر کرنا لازمی ہوگا۔ تاہم کوئی بھی وکیل بیک وقت تین سے زائد اداروں میں قانونی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام نہیں دے سکے گا۔
پروفیشنل پینل کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کی اجتماعی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے وکلاء کے مسائل حل کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر منیر احمد خان کاکڑ، جاڑین دشتی، ایاز خان مندوخیل، محمد افضل حریفال، نجیب اللہ کاکڑ اور نادر چھلگری نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، سیکرٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی اور سیکرٹری قانون ڈاکٹر پرویز نوشیروانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے نوٹیفکیشنز کا اجرا خوش آئند ہے اور بلوچستان کی وکلاء برادری ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔