ڈنڈے کے زور پر صوبے بنانے کی کوشش کے نتائج بھگتنا ہوں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ: سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایسے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے، حتیٰ کہ مارشل لا کے دور میں بھی موجودہ صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور لوگ آدھی روٹی، پکوڑوں اور اچار پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ ملک کے عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دس فیصد اشرافیہ پاکستان چلا رہی ہے، جبکہ سماج کے اپنے اصول اور قوانین ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں سماجی اصولوں کی راہ آمروں نے روکی ہے اور عوامی محرومیوں کی ذمہ داری بڑی سیاسی جماعتوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اگر عوام کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے گا تو انہیں کیا دیا جائے گا؟ آج صورتحال یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں تک نہیں جا سکتے۔ ماضی میں مرکز کے خلاف احتجاجی جلوس نکالتے تھے، لیکن اب کسی معاملے پر بات کرنے سے پچاس شوکاز نوٹس موصول ہوتے ہیں۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی قابل احترام ہیں، تاہم ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھی قابل غور ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے صوبوں کی تشکیل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں سال سے مختلف اقوام آباد ہیں، ایسے میں ڈنڈے کے زور پر صوبے بنانے کی بات کی جا رہی ہے، جس کے نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صحافی برادری کے مسائل کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد سینیٹ میں بھی پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں