بھارت (اولس نیوز ) نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں اچانک سینے میں شدید درد ہوا، جس کے بعد فوری طور پر طبی عملے کو طلب کیا گیا۔
میڈیا کے مطابق میڈیکل ٹیم جب اداکار کی رہائش گاہ پہنچی تو نانا پاٹیکر بے ہوش تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے بیٹے ملہار پاٹیکر کے مطابق ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
نانا پاٹیکر کی موت کی وجہ
اداکار کے معالج نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ نانا پاٹیکر کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ ڈاکٹر کے مطابق طبی ٹیم نے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر کے ذریعے ان کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم ان کی حالت میں کوئی بہتری نہ آسکی۔
کوششیں ناکام ہونے کے بعد انہیں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی و مراٹھی فلم انڈسٹری کے انتہائی معتبر اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ اپنی منفرد اداکاری اور یادگار کرداروں کے باعث انہوں نے بھارتی سنیما میں ایک الگ مقام بنایا۔
نانا پاٹیکر کی آخری فلم
نانا پاٹیکر اپنی آخری فلم ’شکتی شالنی‘ کی شوٹنگ بھی مکمل کرچکے تھے۔ آدتیہ سرپوتدار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ہارر ڈرامہ فلم میں ان کے ساتھ 23 سالہ اداکارہ انیت پڈا بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
فلم میں وینیت کمار سنگھ، وشال جیتھوا اور سیما بسواس بھی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔ نانا پاٹیکر کے انتقال کے بعد فلم کے سیٹ سے سامنے آنے والی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔
’شکتی شالنی‘ رواں سال 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
نانا پاٹیکر حال ہی میں ساجد نادیادوالا کی فلم ’ہاؤس فل 5‘ میں بھی نظر آئے تھے، جہاں انہوں نے سپرنٹنڈنٹ کا کردار ادا کیا۔
فلمی سفر کا آغاز
نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب اور یادگار فلموں میں کام کیا۔
ان کی مشہور فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ سمیت کئی دیگر فلمیں شامل ہیں۔
اپنی جاندار اداکاری اور منفرد انداز کی وجہ سے نانا پاٹیکر نے بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔




