وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم 30 نومبر کو ماسکو روانہ ہوں گے۔ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف روسی صدر کو آئندہ سال پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دیں گے۔

مذاکرات میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے، توانائی، تیل و گیس، صنعتی ترقی اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے امکانات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور تجارتی ادائیگیوں سے متعلق مسائل کے حل پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے شروع ہونے والے 18ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں