کوئٹہ ( اولس نیوز) کوئٹہ شہر میں ون ویلنگ، سرعام ہوائی فائرنگ، اسلحے اور خنجر کی نمائش جبکہ موٹر سائیکلوں پر گروہوں کی صورت میں گھوم کر شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیاء الحق مندوخیل کے نوٹس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں ویڈیو میں دکھائی دینے والے ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہر میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔




