لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے تقریباً دو گھنٹے سنٹر میں گزارے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل اپنی نگرانی میں مکمل کروایا۔ سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے نادرا کے طریقہ کار اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اب انہیں 10 سے 15 منٹ میں باری مل جاتی ہے اور طویل انتظار نہیں کرنا پڑتا، جبکہ دو سال قبل انہیں اپنے کام کے لیے دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے رش کے باوجود بہتر انتظامات برقرار رکھنے پر سنٹر کی انچارج اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی ہر مرحلے پر مکمل رہنمائی کی جائے تاکہ انہیں اپنے کام کے لیے بار بار نادرا سنٹر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے۔




