شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فورسز نے خوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کے بعد ان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ حکومت کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت پائیدار امن کا قیام ترجیح ہے۔




