خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی، بھاری اسلحہ بھی برآمد

 خیبرپختونخوا (اولس نیوز ) خیبرپختونخوا میں دو مختلف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 6 اگست کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الخوارج” سے وابستہ 10 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

دوسرا آپریشن ضلع دیر میں کیا گیا، جہاں ایک جھڑپ کے دوران مزید دو دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے عناصر دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف مقدمات میں مطلوب بھی تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ خطے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔

بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قومی پالیسی “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں