آج پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیا ہیں؟

وفاقی حکومت نے یومیہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 93 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں صرف 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، تاہم اب ایک دن بعد ہی تقریباً 5 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح گزشتہ دو روز کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت مجموعی طور پر 12 روپے 86 پیسے فی لیٹر بڑھ چکی ہے۔

اس سے قبل 20 جولائی کو حکومت نے معمولی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔

مزید یہ کہ 17 جولائی کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے تحت پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔

اس سے پہلے 10 جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

حکومت کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پیٹرول پمپ مالکان نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ احتجاجاً آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں