اسلام آباد(اولس نیوز)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پروٹوکول کی خلاف ورزی اور پولیس پر تشدد کے مقدمے میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو کل بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی عدالت نے آج ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
دونوں کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کی جاتی ہے اور ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو کل بذریعہ ویڈیو لنک عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پروٹوکول کی خلاف ورزی اور پولیس پر تشدد سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔




