کوئٹہ شہر میں فحاشی کے اڈوں کے خلاف شہریوں کا شدید ردِعمل، پولیس پر مبینہ سرپرستی کے الزامات
کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر فحاشی کے اڈوں کی سرگرمیوں نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن، گوالمنڈی تھانہ ایریا اور انڈسٹریل زون سمیت مختلف علاقوں سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ایسے غیر قانونی اڈے کھلے عام سرگرم ہیں اور ان پر کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض اہلکار مبینہ طور پر ان عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں اور کارروائی کرنے کے بجائے مختلف طریقوں سے مالی فائدہ حاصل کیا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق جب وہ شکایات لے کر متعلقہ تھانوں میں جاتے ہیں تو انہیں سنجیدگی سے لینے کے بجائے دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان مبینہ اڈوں کی موجودگی نہ صرف معاشرتی بگاڑ کا سبب بن رہی ہے بلکہ نوجوان نسل میں منشیات کے استعمال میں اضافے کا بھی خدشہ بڑھ رہا ہے۔ مزید یہ کہ ان مقامات پر آنے والے مشتبہ افراد بعض اوقات رہائشی علاقوں میں بھی غیر مناسب رویہ اختیار کرتے ہیں جس سے خواتین اور خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کا فوری اور غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے۔ ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو تحفظ اور سکون فراہم کیا جا سکے۔




