کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر سروس کا افتتاح کیا۔
جناح پیپلز ٹرین سریاب سے کچلاک کے درمیان تقریباً 32 کلومیٹر فاصلے پر چلائی جائے گی، جبکہ راستے میں 7 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ دو بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں تقریباً 198 مسافروں کے بیٹھنے اور 30 مسافروں کے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی گنجائش ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے سفر مفت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سروس کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کا منصوبہ ہے اور آئندہ سال تک ٹرینوں کی تعداد ایک سے دو کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
حکام کے مطابق سروس کا مقصد سریاب، کچلاک اور گردونواح سے کوئٹہ آنے جانے والے طلبہ، ملازمین، مزدوروں، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرایہ 50 سے 100 روپے کے درمیان تجویز کیا گیا ہے۔
جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز، بزرگ اور خصوصی افراد کے لیے مفت سفر




