امریکہ (اولس نیوز ) امریکہ کی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ نے اپنے خلاف گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں رہا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایپسٹین کے ہاتھوں متاثر ہونے والی خواتین کے لیے عوامی سطح پر سماعت منعقد کی جائے، تاکہ وہ بلا جھجھک اپنی کہانیاں بیان کر سکیں اور سچائی سامنے آ سکے۔
خاتونِ اوّل نے واضح کیا کہ سماجی تقریبات میں ایک ہی جگہ موجود ہونا عام بات ہے اور اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہوتا کہ کسی کے ساتھ ذاتی تعلق بھی ہو۔ انہوں نے غسلین میکسویل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق کی بھی تردید کی۔
اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ ایک طرف حکومتی حلقے اس معاملے کو ماضی کا حصہ سمجھتے ہیں، جبکہ دوسری جانب خاتونِ اوّل نے اس پر کھل کر بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ خاتون کو موقع ملنا چاہیے کہ وہ حلف کے ساتھ اپنی گواہی دے اور اس کی آواز کو عوام تک پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بیانات کو مستقل ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔
خاتونِ اوّل نے یہ بھی کہا کہ وہ جھوٹی خبروں اور جعلی تصاویر سے سخت نالاں ہیں اور ماضی میں بھی ایسے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق اب وہ مزید خاموش نہیں رہیں گی اور سچ سامنے لانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گی۔
اگر یہ مطالبات منظور ہو جاتے ہیں تو یہ معاملہ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے، اور متاثرہ خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے کا ایک اہم موقع مل سکتا ہے۔




