ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں پی سی بی کے چیئرمین وزیراعظم سے ورلڈکپ پر گفتگو کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی شرکت اور احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا، ملاقات میں بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ سے باہر نکالنے سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان احتجاجاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، پاکستان کا ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ کے میچز میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے پر بھی غور ہے، ورلڈکپ میچز کی جیت کو بنگلہ دیش کرکٹ فینز کے نام کرنے کا آپشن بھی ہے، پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔




