کوئٹہ میں تین افراد کے قتل کا نامزد مرکزی ملزم پنجاب میں ہلاک ہونے کی اطلاعات

کوئٹہ: پود گلی چوک کوئٹہ میں تقریباً ایک ماہ قبل پیش آنے والے فائرنگ کے المناک واقعے میں تین افراد کے قتل کا نامزد مرکزی ملزم محمد ہاشم پنجاب کے کسی علاقے میں ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یاد رہے کہ پود گلی چوک میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں حاجی صادق، ان کے بیٹے عبدالباسط اور بھائی منظور شہید ہوگئے تھے، جبکہ ان کے ایک اور بیٹے حسیب زخمی ہوئے تھے۔

اس افسوسناک واقعے نے ایک پورے خاندان کو شدید متاثر کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ حاجی صادق خاندان کے 28 افراد کے کفیل تھے، جن کی شہادت سے خاندان کے متعدد افراد اپنے سہارے سے محروم ہوگئے۔

واقعے میں نامزد مرکزی ملزم محمد ہاشم کی پنجاب میں ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں