پشاور(اولس نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، حکومت سڑکوں پر کیلیں ٹھوکے، کنٹینرز لگائے یا گولیاں چلائے، اس بار وہ سڑکوں پر نکلیں گے اور اپنے سیاسی مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے یا دیگر ہتھکنڈے استعمال کرکے انہیں خوفزدہ کیا جا سکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جعلی نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ سڑکوں پر کیلیں لگا کر خیبرپختونخوا کو ملک کے دیگر حصوں سے کاٹنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبائی وزرا پر میڈیا سے بات کرنے کی پابندی عائد کیے جانے کا کیا مقصد ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ دوسرے صوبے کے سرکاری اہلکار ان کے صوبے میں داخل ہوکر لوگوں سے جھگڑ رہے ہیں۔
اس طرز عمل سے حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ سہیل آفریدی نے سول سیکرٹریٹ خالی کرانے کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے مبینہ جعلی سکیورٹی تھریٹس کی بنیاد پر خالی کرایا گیا، حالانکہ سول سیکرٹریٹ کینٹ ایریا میں واقع ہے اور اس کی سکیورٹی متعلقہ اداروں کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ ایسے اقدامات سے وہ ڈر جائیں گے یا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ درست نہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جس مسجد کے بارے میں سکیورٹی تھریٹ جاری کیا گیا تھا، انہوں نے اسی مسجد میں جاکر نماز ادا کی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے اعلان کردہ لانگ مارچ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی
لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، رکاوٹیں ڈالنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی



