لاہور (اولس نیوز) پنجاب میں سکول کے بچوں پر کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے اور دیگر اصلاحات کے ساتھ نئے نصاب کی منظوری دے دی گئی، نئے نصاب کے تحت کلاس ون سے اےآئی، ہر کتاب پر کیوآرکوڈ سکین کرتے ہی ویڈیو سبق ملےگا۔ ایکس پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب کے بچوں کے لیے پڑھائی کا انداز بدلنے جا رہا ہے! وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نئے نصاب کی منظوری دے دی جس سے کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم ہوگا، ہر کتاب میں QR کوڈ کے ذریعے ویڈیو سبق ملے گا اور کلاس ون سے بارہویں تک AI کی تعلیم شامل ہوگی۔
اساتذہ کی مینٹل ہیلتھ ٹریننگ، بچوں کے لیے آن لائن کونسلنگ اور سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے پر بھی کام ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات پر خصوصی اجلاس ہوا۔ الف- ب سے اے آئی تک، رٹے سے کنسپٹ تک اور ڈانٹ سے کونسلنگ تک سکولوں اور کلاس رومز کی تقدیر بدلنے کا مشن کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں کلاس ون سے اے آئی، ہر کتاب پر کیوآرکوڈ سکین کرتے ہی ویڈیو سبق، بستے کا بوجھ 25 فیصد کم، پنجاب کے بچوں کے لیے نیا نصاب منظور کرلیا گیا۔
اجلاس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پیکٹا کی نئے نصاب پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں انگلش، میتھ، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہوڈ کریکولم کا جائزہ لیا گیا۔ نئے نصاب سے کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے سے رٹے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ ہر نصابی کتاب میں کیو آر کوڈ، سکین کرکے متعلقہ موضوع کا ویڈیو سبق دیکھا جا سکے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کلاس ون تا بارہویں اے آئی نصاب طلب کر لیا اور مارچ سے پہلے نصابی کتب کی پرنٹنگ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسی طرح پنجاب میں پہلی مرتبہ اساتذہ کرام کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اتفاق کیا گیا۔ ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ متعین کرنے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز کی گئی۔پنجاب بھر میں ہفتے کا دن ٹیچر ٹریننگ کے لیے مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نصابی کتب کے مصنفین خود اساتذہ کی تربیت کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بہترین ایجوکیشنل ماڈل دیکھنا چاہتی ہوں۔
اے آئی نصاب کے ساتھ ساتھ لیب بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ وسائل کی کمی نہیں ہے مگر اب وسائل کا ضیاع روکنا ہوگا۔ پرائمری سکولوں پر محنت اور فوکس کرنا چاہیے تاکہ تعلیمی بنیاد مضبوط ہو۔ 12اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزارٹیچرز کی انگلش لرننگ مکمل کر لی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مار پیٹ کا ڈرامہ بچے کی زندگی پر تاحیات اثر انداز ہوتا ہے۔ پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔
سکول کے بچوں پر کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم، وزیراعلیٰ پنجاب نے نئے نصاب کی منظوری دے دی




