کراچی (اولس نیوز ) کراچی میں عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بچوں کو عیدی دینے کی روایت کے باعث شہری بڑی تعداد میں نئے نوٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بینکوں سے نئے نوٹ آسانی سے دستیاب نہ ہونے کے باعث شہری اوپن مارکیٹ کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 100 روپے کے نوٹوں کی گڈی، جس کی اصل قیمت 10 ہزار روپے بنتی ہے، اضافی رقم لے کر فروخت کی جا رہی ہے۔
معلومات کے مطابق یہ گڈی 700 سے 1,000 روپے زائد وصول کر کے تقریباً 10 ہزار 700 سے 11 ہزار روپے تک میں بیچی جا رہی ہے۔
دوسری جانب عید الفطر کے چاند کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوگا، جہاں شوال کے چاند کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔
ماہرین فلکیات اور سپارکو کی ابتدائی پیشگوئی کے مطابق 19 مارچ کو چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم بتائے جا رہے ہیں۔




