شیخ حسینہ نے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا،

شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ کا اعلان

شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ کا اعلان

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دو سال سے زائد عرصے بعد وطن واپسی کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔ وہ اگست 2024 میں طلبہ احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں، جہاں اب تک جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو بنگلادیش واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یہ دن بنگلادیش کی 1971 کی جنگ کے اختتام کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بنگلادیش پاکستان سے الگ ہو کر ایک آزاد ملک بنا تھا۔

شیخ حسینہ کی جانب سے وطن واپسی کے لیے کسی مخصوص تاریخ کا اعلان پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے۔ ان کی عمر 79 سال بتائی جاتی ہے اور وہ دو سال سے زیادہ عرصے سے بھارت میں مقیم ہیں۔ ان کی واپسی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے۔ حالیہ دنوں میں جماعت کی احتجاجی سرگرمیوں کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ نے رواں ماہ نئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کے حصول کی کوشش بھی کی تھی، جسے ان کی وطن واپسی کی تیاریوں کا ممکنہ اشارہ قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب بنگلادیشی حکومت کا مؤقف ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی بھارت سے قانونی حوالگی کے عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے، جس کے تحت بھارت کو انہیں بنگلادیش کے حوالے کرنا ہوگا۔ بھارت نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ وہ بنگلادیش کی جانب سے حوالگی کی درخواست پر غور کر رہا ہے، تاہم اب تک کسی حتمی فیصلے یا انتظامات کا اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت منتقل ہوگئی تھیں۔ انہیں گزشتہ سال نومبر میں طلبہ تحریک کے خلاف کارروائیوں کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی، تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق احتجاجی تحریک کے دوران تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیخ حسینہ کی جانب سے 16 دسمبر کو وطن واپسی کے ارادے کے اعلان کے بعد بنگلادیش اور بھارت کے درمیان یہ معاملہ ایک بار پھر سفارتی اور قانونی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ کس طریقے سے وطن واپس آئیں گی اور آیا بھارت کی جانب سے حوالگی کے معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں