فیلڈ مارشل کا دورہ بلوچستان، جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

کوئٹہ: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ بلوچستان کے دوران مشکل آپریشنل حالات کے باوجود پاک فوج کے جوانوں اور افسران کے مادر وطن کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربت میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر انہیں بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو بلوچستان میں جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔

انہوں نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں