ملک بھر میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ، 3 ہزار 900 کیسز کے ساتھ سندھ سرفہرست

اسلام آباد: ملک بھر میں بچوں میں ایچ آئی وی کے کیسز کی تعداد میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارتِ قومی صحت نے متاثرہ بچوں کے صوبائی اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 3 ہزار 900 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک ہزار 765 ہے۔ خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ متاثر ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کے سوال پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ایوان کو بتایا کہ ایچ آئی وی کے مزید پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں۔
وزارتِ قومی صحت کی ستمبر 2026 کی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 214 ہے، جن میں سے 92 ہزار 148 افراد رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (ART) حاصل کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بچوں میں ایچ آئی وی کے کیسز کی روک تھام اور متاثرہ افراد کی بروقت تشخیص و علاج کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں