ژوب: (اولس نیوز ) ژوب–ڈی آئی خان شاہراہ پر درازندہ کے قریب امن میلہ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ چیک پوسٹ ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گئی، زور دار دھماکے نے 11 جانیں لے لیں۔خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلے کے قریب قائم چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس کارروائی شروع کردی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے چیک پوسٹ کے قریب بارود سے لدی گاڑی کے ذریعے دھماکا کیا، جس سے علاقے میں شدید تباہی ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے بعد 11 جاں بحق افراد کی لاشیں اورمتعدد زخمیوں کو جائے وقوعہ سے منتقل کیا گیا۔زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ بھی ہوئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید چار ایمبولینسز اور امدادی عملہ بھی روانہ کیا گیا۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور دھماکے کی نوعیت سمیت حملے میں استعمال ہونے والے مواد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔درازندہ چیک پوسٹ پر حملے کے واقعے کی رپورٹ خیبرپختونخوا کے گورنر نے اعلیٰ حکام سے طلب کرلی ہے۔ گورنر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔درازندہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کردیا ہے، جبکہ حملے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔




