ڈی آئی خان امن میلہ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 11 افراد شہید، 30 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ ڈی آئی خان–کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا۔
ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز بھی جائے وقوعہ روانہ کی گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی منتقل کی گئیں۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
بعد ازاں ایک اور افسوسناک پیش رفت میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی اطلاع سامنے آئی، جس کے نتیجے میں دو ریسکیو کارکن شہید ہوئے۔ ایکسپریس کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایمبولینس دھماکے میں شہید افراد کی لاشیں ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں