میرے گھر پر ڈرون حملہ سچ بولنے کی سزا ہے: لشکری رئیسانی

سرفراز بگٹی عوامی نمائندہ نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کے نمائندے ہیں، میرے گھر پر ڈرون حملہ سچ بولنے کی سزا ہے: لشکری رئیسانی

کوئٹہ(اولس نیوز)  سینئر سیاست دان اور سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی عوامی نمائندہ نہیں بلکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے نمائندے ہیں، جبکہ ان کی رہائش گاہ پر ہونے والا مبینہ ڈرون حملہ سچ بولنے کی سزا ہے۔ اولس نیوز کوئٹہ  کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حاجی میر لشکری رئیسانی نے کہا کہ مہرگڑھ میں ان کی رہائش گاہ پر مبینہ ڈرون حملہ قومی اختیار اور حقوق کے مطالبے کے ردعمل میں کیا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حملے کے نتیجے میں ان کے گھر کو بھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں باغات خالی کرانے کی کوششیں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔ ان کے مطابق باغات بلوچستان کے عوام کی معیشت کا اہم ذریعہ ہیں اور انہیں ختم کرنا بلوچ اور پشتون عوام کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے گھروں، جائیدادوں اور معاشی وسائل کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں عوام عدم تحفظ اور تشویش کا شکار ہیں۔ حاجی میر لشکری رئیسانی نے مطالبہ کیا کہ مہرگڑھ میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور مستونگ کے باغات سمیت شہریوں کی املاک اور معاشی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں