لورالائی عوامی تحریک کے تحت پہلا یونٹ زنگیوال جوگیزئی یونین کونسل میں قائم، سینکڑوں قبائلی و سماجی شخصیات کی شرکت

لورالائی: سماجی تنظیم عوامی خدمت لورالائی کی جانب سے شروع کی گئی عوامی تحریک کے تحت پہلا باقاعدہ یونٹ زنگیوال جوگیزئی یونین کونسل میں قائم کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں سینکڑوں قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
یونٹ کا باقاعدہ افتتاح قبائلی رہنما انجینئر سردار مہرااللہ جوگیزئی نے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تنظیم کے قیام کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت، غریب اور مستحق افراد کی مدد اور انہیں پاکستان کے مختلف اسپتالوں میں مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
مقررین نے واضح کیا کہ عوامی خدمت لورالائی ایک غیر سیاسی سماجی تنظیم ہے، جس کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان تنظیم کا حصہ بن کر انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
تنظیم کے نمائندوں کے مطابق مستقبل قریب میں بلوچستان بھر کی ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر یونٹس قائم کیے جائیں گے، تاکہ غریب اور نادار افراد کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
تقریب میں شریک قبائلی و سماجی شخصیات نے تنظیم کے فلاحی مقاصد کو سراہا اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے تعاون اور کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں