یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نظام: OMAP نے مرحلہ وار نفاذ کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (OMAP) نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ ویب سائٹ پر جاری کرنے کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم پالیسی پر عملدرآمد سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے جامع مشاورت ضروری ہے۔

OMAP کے مطابق روزانہ قیمتوں کا نظام پاکستان کے فیول ریٹیل اور آئل مارکیٹنگ سیکٹر کے کاروباری ماڈل میں بنیادی تبدیلی لائے گا، تاہم اس فیصلے سے قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs)، ڈیلرز اور دیگر متعلقہ فریقین سے مؤثر مشاورت نہیں کی گئی۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بیشتر آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فوری طور پر روزانہ قیمتوں کے نظام پر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں ہیں، جس کے باعث آپریشنل مشکلات، مالی اور کیش فلو کے مسائل، ERP، POS اور دیگر آئی ٹی سسٹمز میں تبدیلیوں کی ضرورت، انوینٹری مینجمنٹ، ریگولیٹری تقاضوں، ڈیلرز کے مارجن اور قیمتوں کے تعین سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں بے یقینی، سپلائی چین میں خلل اور صارفین میں الجھن کا خدشہ بھی موجود ہے۔

OMAP نے تجویز دی ہے کہ اس نظام کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے اور اس سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت، قیمتوں کے تعین کا واضح طریقہ کار، انوینٹری ویلیوایشن کے رہنما اصول، ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن، ٹیکس اور اکاؤنٹنگ کے واضح قواعد، ڈیلرز کے مارجن کے مؤثر نظام اور جامع ریگولیٹری فریم ورک کو حتمی شکل دی جائے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کا نفاذ مناسب تیاری، آزمائشی مرحلے (پائلٹ فیز) اور متفقہ عبوری مدت کے بعد کیا جائے تاکہ مارکیٹ کا استحکام برقرار رہے، سپلائی چین متاثر نہ ہو اور صارفین و صنعت دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں