کوئٹہ: پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز فتنہ الخوارج کے خلاف مختلف علاقوں میں مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیم کو بھاری جانی اور عسکری نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 88 ہو گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 126 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا اور سیکیورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
نوٹ: یہ خبر سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر مبنی ہے، جس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔




