لیویزفورس ختم، مگر گریڈ 18اور19 کی پروموشنزجاری جب فورس ہی نہیں تو ترقی کس بات کی؟

بلوچستان (اولس نیوز ) بلوچستان میں لیویز فورس کے خاتمے کے باوجود لیویز کے وائرلیس آپریٹرز اور تفتیشی افسران کی گریڈ 18 اور گریڈ 19 میں ترقیوں کا معاملہ پروموشن بورڈ کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سرکاری حلقوں اور پولیس افسران کی جانب سے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جس فورس کو عملاً ختم یا ضم کیا جاچکا ہو، اس کے افسران اور اہلکاروں کی اعلیٰ گریڈز میں ترقیوں کو سمجھ سے بالاتر قرار دیا جارہا ہے۔ پولیس افسران کا مؤقف ہے کہ جب لیویز فورس اپنی سابقہ حیثیت میں موجود ہی نہیں تو پھر ترقیوں کی بنیاد، قانونی جواز اور انتظامی ضرورت کیا ہے؟

حکام کے اس فیصلے کو انتظامی بے ضابطگی اور اختیارات کے غلط استعمال سے بھی جوڑا جارہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر عوامی حلقے بھی اس معاملے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ پولیس افسران نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے فوری نوٹس لینے اور پروموشن ایجنڈے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں