بلوچستان حکومت کا بڑا فیصلہ، تمام سول محکموں کی حاضری اب ڈیجیٹل نگرانی میں

بلوچستان حکومت نے تمام سول سرکاری محکموں میں حاضری کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صحت، ایجوکیشن، بی اینڈ آر، میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، فشریز اور زراعت سمیت دیگر تمام سول محکمے اس فیصلے کے دائرہ کار میں آئیں گے۔ اس نظام کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ان محکموں کے افسران و عملے کی حاضری چیک کی جائے گی۔

اس عمل میں ایکسین، ایم ایس، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی اوز، ایس ڈی اوز، فیلڈ افسران، فیلڈ سپروائزرز سمیت نچلے درجے کے ملازمین بھی شامل ہوں گے۔ اسپیشل برانچ پولیس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر حاضری رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرے گی۔ یہ نظام لائیو لوکیشن پر مبنی ہوگا، جس سے حاضری میں کسی قسم کی دھوکہ دہی ممکن نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری محکموں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا، غیر حاضری کی روک تھام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ دس دن سے زائد غیر حاضری پر سخت کارروائی کی جائے گی اور لاپرواہ افسران کے خلاف تادیبی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ نظام بلوچستان میں سرکاری شعبے میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں