کوئٹہ میں سریاب تا کچلاک شٹل ٹرین کا افتتاح آج ہوگا

کوئٹہ:( اولس نیوز )‌ شہر میں سریاب سے کچلاک تک چلائی جانے والی شٹل ٹرین کا افتتاح آج بروز جمعرات ہوگا، جسے شہریوں کے لیے شہر کے اندر سفری سہولت کے حوالے سے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ کوئٹہ ریلوے ڈویژن کو شٹل ٹرین کے علاوہ بولان میل، چمن پسنجر اور دیگر ریل گاڑیوں کی بھی اشد ضرورت ہے، تاہم شہر کے اندر سریاب سے کچلاک تک شٹل ٹرین کا آغاز شہریوں کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

شٹل ٹرین کے حوالے سے کوئٹہ کے شہریوں، خصوصاً سریاب اور کچلاک کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ریل گاڑیوں سے محبت اور ان کی حفاظت کا شعور دیں اور ٹرینوں پر پتھراؤ جیسے رویوں سے گریز کریں۔ ماضی میں چمن پسنجر سمیت دیگر ریل گاڑیوں پر پتھراؤ کے واقعات کے باعث مسافروں کے تحفظ کے لیے چمن پسنجر کی کھڑکیوں پر مستقل جالیاں بھی نصب کی گئی ہیں۔

شٹل ٹرین میں موجود ایئر کنڈیشنڈ کوچز شہریوں کے لیے سفری سہولت فراہم کریں گی، اس لیے ان کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی عوام کی ذمہ داری ہوگی۔ شہر کے اندر اس طرز کی ایئر کنڈیشنڈ شٹل ٹرین کو کوئٹہ کے شہریوں کے لیے ایک نئی سفری سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

شہریوں کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ شٹل ٹرین کا منصوبہ کامیابی سے جاری رہے گا اور مستقبل میں کوئٹہ میں ریلوے کے نظام کو مزید وسعت دے کر مسافروں کے لیے دیگر اہم ٹرین سروسز بھی بحال اور بہتر بنائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں