بلوچستان میں کفایت شعاری کا نیا مرحلہ، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی

بازار رات 9 بجے،شادی ہال 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس رات 11 بجے بند ہونگے،نوٹیفییشن جاری۔

کوئٹہ(اولس نیوز ) بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ایندھن کے تحفظ اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے متعدد کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وفاقی سطح پر بھی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی اور کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار کا اعلان کیا گیا تھا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے 23 ستمبر 2026 کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کی جائے گی۔ تاہم مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری خدمات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق گاڑیاں مقررہ شرائط کے تحت اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

کفایت شعاری اقدامات کے تحت مالی سال 2026-27 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی، نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور آئی ٹی سے متعلق اشیا کے علاوہ پائیدار اشیا کی خریداری محدود کردی گئی ہے۔ تین ماہ کے لیے سرکاری غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ ناگزیر دوروں کی صورت میں متعلقہ حکام کو اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔

سرکاری اجلاسوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر بھی پابندی ہوگی۔ سرکاری فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز کے انعقاد پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم ناگزیر پروگرام سرکاری عمارتوں کے آڈیٹوریمز یا کمیٹی رومز میں منعقد کیے جاسکیں گے۔ شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی ہدایت بھی برقرار رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز کے لیے بھی اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں۔ دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار رات **9 بجے** بند ہوں گے، شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات **10 بجے** جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات **11 بجے** تک بند کرنا ہوں گے۔ وفاقی نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو ریسٹورنٹس کے مقررہ اوقات سے استثنیٰ حاصل ہے۔

دوسری جانب فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، بیکریاں، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پٹرول اور سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز مقررہ کاروباری اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ کے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کارروائی کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں