پولیس کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے آسان طریقہ کار متعارف

کوئٹہ ( اولس نیوز ) ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق شہریوں کی شکایات پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز اور بیجا استعمال کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ بروقت شکایات کے ازالے اور ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنانے کے لیے آئی جی پولیس بلوچستان نے عوام کو براہِ راست رسائی فراہم کر دی ہے۔

اس سلسلے میں شہری اب آئی جی پولیس بلوچستان کے ذاتی واٹس ایپ نمبر 03043470110 پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، جبکہ ٹول فری نمبر 111775544-81 بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو مزید سہولت میسر آ سکے۔

مزید برآں، تمام تھانوں کے باہر بھی رابطہ نمبرز آویزاں کیے گئے ہیں، جن میں 9203377-9204081 اور 9204180-9204090 شامل ہیں، تاکہ شہری کسی بھی وقت اپنی شکایت درج کرا سکیں۔

سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جہاں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق شکایت کنندگان کے نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھے جاتے ہیں، جس سے شہری بلا خوف و خطر اپنی آواز اٹھا سکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہر شکایت کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے اور متعلقہ پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد عوام کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں