خیبرپختونخوا (اولس نیوز ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے دوران مجموعی طور پر 24 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن ضلع اورکزئی میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں مزید 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تھا، جو علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، تاکہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں عزمِ استحکام وژن کے تحت جاری رہیں گی اور غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔




