“وزیراعلیٰ لفٹ میں محصور، ناقص انتظامات بے نقاب—ٹراما سینٹر کا افتتاح منسوخ”

. نامکمل تیاری کے باوجود افتتاح کی تاریخ طے

کوئٹہ (اولس نیوز ) محکمہ صحت نے اسپینی روڈ ٹراما سینٹر کو ہر حال میں افتتاح کے لیے تیار قرار دیا، حالانکہ اندرونی نظام پر کئی اعتراضات پہلے ہی موجود تھے۔

انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو صرف ربن کاٹنا ہے۔

افتتاح سے چند لمحے پہلے ہی وہی لفٹ خراب ہوگئی جس کے ذریعے وزیراعلیٰ اوپر منزل پر جا رہے تھے۔ لفٹ کبھی اوپر جاتی، کبھی نیچے آتی رہی۔

حکومت اور محکمہ صحت کے تمام بلند بانگ دعوؤں کے باوجود وزیراعلیٰ خود 30 منٹ تک لفٹ میں محصور رہے، اور عملہ مسئلہ سمجھنے سے قاصر رہا۔

ٹراما سنٹر کے تکنیکی عملے کی بے بسی نے یہ واضح کر دیا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت ابھی بہت دور ہے۔

بار بار کی ناکام کوششوں کے بعد دروازہ کھول کر وزیراعلیٰ کو نکالا گیا، جس سے انتظامات کی اصل حالت سب کے سامنے آگئی۔

واقعے نے پورے پروگرام کو غیر سنجیدہ بنا دیا، اور وزیراعلیٰ نے افتتاح منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

اگر افتتاح والے دن لفٹ نہیں چل سکتی تو ٹراما سینٹر کے اندر موجود دیگر نظام کتنے قابلِ اعتماد ہوں گے؟
اور کیا محکمہ صحت نے اصل مسائل چھپا کر محض افتتاحی تقریب کا شور مچانے کی کوشش کی؟

اس ایک واقعے نے حکومتی نگرانی، منصوبہ بندی اور معیار کی یقین دہانی پر سنجیدہ بحث چھیڑ دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں