قلعہ سیف اللہ (اولس نیوز کوئٹہ ) قلعہ سیف اللہ پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم فقیر محمد شمکزئی کو گرفتار کرلیا۔
دو ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر اس کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں سے اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں ملزم کو قلعہ عبداللہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم قلعہ عبداللہ اور چمن پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا اور اس پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
یاد رہے کہ فقیر محمد شمکزئی پر لیویز کے اے ایس آئی سعداللہ اچکزئی سمیت پانچ افراد کے قتل جبکہ متعدد دیگر افراد کو زخمی کرنے کے الزامات ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری سے اہم پیش رفت متوقع ہے اور مزید انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور جرائم کی تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔




