ایک نئے عالمی سروے کے مطابق ماحول کے مستقبل کو لے کر پاکستانی طلبہ دنیا کے سب سے زیادہ پُرامید نوجوانوں میں شامل ہیں، جنہوں نے ماحولیاتی امید میں ساتواں اور مجموعی طور پر 41 ممالک میں چودھواں نمبر حاصل کیا ہے۔
آکسفورڈ سمر اسکول فراہم کرنے والے ادارے ’آکسفورڈ اسکولیسٹیکا اکیڈمی‘ کے اس مطالعے میں ذاتی مستقبل، معیشت، ماحول، سیاست اور مجموعی معاشرے کے حوالے سے طلبہ کی امید کا جائزہ لیا گیا۔
یہ سروے 100 ممالک میں کیا گیا، تاہم 41 ممالک کے طلبہ کی آرا درجہ بندی کے لیے کافی تھیں اور مطالعے کو مجموعی طور پر 1433 جوابات موصول ہوئے۔
پاکستان نے 3.94 کے مجموعی اسکور کے ساتھ 41 ممالک میں 14ویں پوزیشن حاصل کی اور بھارت (3.93) اور بنگلہ دیش (3.92) سے معمولی فرق سے آگے رہا۔
ماحولیاتی امید کے شعبے میں پاکستانی طلبہ کا اسکور 3.73 رہا جو سروے میں شامل ممالک میں 7واں بلند ترین اسکور ہے اور کینیڈا ، امریکا اور برطانیہ سے زیادہ ہے۔
پاکستانی طلبہ نے اپنے ذاتی مستقبل اور معاشرے کے مستقبل پر بھی اعتماد ظاہر کیا۔ معاشرے کے مستقبل کے شعبے میں پاکستان 13واں نمبر حاصل کرکے امریکا سے آگے رہا، تاہم سیاسی امید سب سے کمزور شعبہ رہی جس کا اسکور 3.27 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے باوجود پاکستان جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے آگے رہا۔
مجموعی درجہ بندی میں سری لنکا سرفہرست رہا، جہاں کے طلبہ نے ماحولیاتی امید میں سب سے زیادہ 4.62 اور ذاتی مستقبل پر اعتماد میں 4.75 اسکور حاصل کیا، جبکہ حالیہ معاشی مشکلات کے باوجود معاشرے کے مستقبل کے لیے ان کا اسکور 4.25 رہا۔
کینیا 4.31 کے مجموعی اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا اور اس نے معاشرے کے مستقبل میں قبرص کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 4.43 جبکہ سیاسی امید میں تمام ممالک میں سب سے زیادہ 3.96 اسکور حاصل کیا۔
نیپال 5.00 کے مثالی ذاتی امید اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا اور معاشی امید میں 4.80 کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ قازقستان 4.56 معاشی اعتماد اور 3.76 سیاسی امید کے ساتھ چوتھے مقام پر آیا۔
نائجیریا کا مجموعی اسکور 4.08 اور انڈونیشیا کا 4.07 رہا، جن میں نائجیریا میں ماحولیاتی امید 3.92 اور انڈونیشیا میں معاشی اعتماد 4.41 ریکارڈ کیا گیا۔
مغربی ممالک میں کینیڈا 4.08 کے مجموعی اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا، جس کے بعد امریکا، جرمنی، برطانیہ اور فرانس آئے۔
برطانیہ 41 ممالک میں 33ویں نمبر پر رہا، جہاں سیاسی امید 3.04 اور ماحولیاتی امید 3.06 کا اسکور حاصل کر سکی۔
سب سے کم اسکور کویت کا 2.92 رہا جس میں سیاسی امید 1.80 اور معاشرے کے مستقبل پر اعتماد 2.40 رہا، جبکہ روانڈا 3.20 کے ساتھ دوسرے اور ترکیہ 3.22 کے ساتھ تیسرے نچلے درجے پر رہے۔
فرانس میں ماحولیاتی امید 2.25 کے ساتھ سب سے کم رہی اور پولینڈ کا سیاسی امید اسکور 2.30 رہا۔
آکسفورڈ اسکولیسٹیکا اکیڈمی کی شریک ڈائریکٹر لاوینیا ایبیل نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ہر پہلو میں تشویش اور مایوسی کی وجوہات موجود ہیں جن میں مصنوعی ذہانت کا عروج، جنگ، بڑھتی مہنگائی اور دیگر عوامل شامل ہیں جو ملازمتوں کی دنیا میں داخل ہونے والے نوجوانوں کے لیے خاص طور پر پریشان کن ہو سکتے ہیں، تاہم یہ مطالعہ ان غیر یقینی صورتحال کے حوالے سے مختلف قومیتوں کے رویوں کو اجاگر کرتا ہے۔




