اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور گورنر راج و ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ نہ دیں۔
پی ٹی آئی کے ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مؤقف کی حمایت کا خیرمقدم کیا، تاہم ان بیانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اجلاس میں شریک ارکان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی نیک نیتی ثابت کرنے کے لیے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے میں کردار ادا کریں اور قومی اسمبلی میں اس کی توسیع کی حمایت نہ کریں۔
پی ٹی آئی ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور صوبائی وسائل میں کٹوتیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ارکان نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کے وعدے کے بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کو ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں، صوبے کے مالی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔




