بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کا امکان، مستونگ سمیت کئی علاقوں میں نیا موسمی سسٹم داخل
کوئٹہ ( اولس نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے زیرِ اثر موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث صوبے کے کئی علاقوں میں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔ موسمیاتی رپورٹس کے مطابق اس سسٹم کے زیرِ اثر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ متوقع موسمی صورتحال کے مطابق مستونگ، کوئٹہ، چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، مسلم باغ، موسیٰ خیل، سنجاوی، ہرنائی اور لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ قلات، سوراب، پنجگور، خاران اور ان کے گردونواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ موسمیاتی رپورٹس کے مطابق مغربی سلسلے کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر بارش کی شدت زیادہ رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔




