اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو ایک اور کال اپ نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔
نیب راولپنڈی میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر انکوائری جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسعد محمود کو ان کے دورِ وزارت (2022-2023) میں مبینہ بھرتیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا۔
اسعد محمود کو 10 نومبر کو نیب کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب بھجوا دیا۔
نیب حکام نے تحریری جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کیا ہے۔ نئے نوٹس کے مطابق اسعد محمود کو 13 نومبر 2026 بروز جمعہ صبح 11 بجے نیب راولپنڈی میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔




