بلوچستان اسمبلی میں گیس بحران پر احتجاج، وفاقی وزیر توانائی پر دھوکہ دینے کا الزام، بھاری بلوں پر بھی ارکان برس پڑے
کوئٹہ ( اولس نیوز کوئٹہ ) بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں گیس کی عدم دستیابی، لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کا معاملہ زیرِ بحث آگیا، جہاں ارکان اسمبلی نے وفاقی حکومت اور محکمہ گیس کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی سید ظفر آغا نے وفاقی وزیر توانائی پر گیس کے معاملے میں دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے باوجود وفاقی وزیر کوئٹہ نہیں آئے۔ سید ظفر آغا نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گیس کی لوڈشیڈنگ انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے اور اس کے باعث مختلف واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دو ماہ کے لیے پنجاب کی فیکٹریاں بند کردی جائیں تو بلوچستان میں گیس کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے کو اس کے حصے کی گیس فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے بھی گیس کی فراہمی کے ساتھ صارفین کو موصول ہونے والے بھاری بلوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گیس کی عدم دستیابی کے علاوہ بھاری بل بھی عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ میر صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ صارفین کو اوور بلنگ کا سامنا ہے اور غریب عوام کے لیے اتنے زیادہ بل ادا کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس فراہم کی جائے یا نہ کی جائے، کم از کم بلوں کے معاملے میں عوام پر رحم کیا جائے اور انہیں غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جائے۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں گیس کی لوڈشیڈنگ، فراہمی میں مشکلات اور بھاری بلوں کے حوالے سے اٹھائے گئے تحفظات نے ایک بار پھر صوبے میں توانائی کے بحران اور عوامی مشکلات کو نمایاں کردیا ہے۔




