کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42 کوئٹہ فائیو سے متعلق انتخابی عذرداری باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
انتخابی عذرداری کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
حلقہ پی بی 42 کوئٹہ سے زرک خان مندوخیل کی کامیابی اور ان کے کاغذاتِ نامزدگی کو شکور اللہ کی جانب سے چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے اپنی انتخابی عذرداری میں عدالت سے رجوع کیا تھا۔
عدالت نے شکور اللہ کی جانب سے دائر درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے زرک خان مندوخیل کو سیکرٹری صوبائی اسمبلی بلوچستان کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
عدالتی کارروائی کے بعد انتخابی عذرداری کی مزید سماعت آئندہ مرحلے میں ہوگی۔




