ائیرپورٹ پر روکنے اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا معاملہ، زابد ریکی کا اسمبلی میں احتجاج

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی زابد ریکی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مدینہ منورہ جانے کے لیے کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچنے پر ایف آئی اے حکام نے انہیں روک دیا اور مبینہ طور پر انہیں دہشتگرد قرار دیا گیا۔

زابد ریکی کے مطابق مزید معلومات کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات کی جانب سے ان کا پاسپورٹ بلاک کیا گیا ہے اور انہیں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات سے رابطے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔

زابد ریکی نے اسمبلی میں سوال اٹھایا کہ “پتا نہیں میں نے کون سا گناہ کیا ہے، میں ہمیشہ حقوق کی بات کرتا رہا ہوں۔ واشک جاتے ہیں تو دہشتگرد پیچھے ہوتے ہیں اور کوئٹہ آتے ہیں تو دہشتگرد قرار دیا جاتا ہے۔”

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے خلاف کوئی ثبوت موجود ہے تو اسے سامنے لایا جائے اور بتایا جائے کہ ان کا کسی کالعدم تنظیم سے کیا تعلق ہے۔

زابد ریکی نے کہا کہ انہیں دہشتگرد قرار دے کر ان کا استحقاق مجروح کیا گیا، لہٰذا ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات کو اسمبلی میں طلب کرکے ان سے اس اقدام اور اس کے ثبوت کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں