کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پارلیمانی لیڈر میر جہانزیب مینگل کی صوبائی حکومت میں شمولیت کے امکانات کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بی این پی (مینگل) نے جون 2026 میں پارٹی نظم و ضبط اور پالیسی کی خلاف ورزی کے معاملے پر میر جہانزیب مینگل کی پارٹی رکنیت چھ ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق میر جہانزیب مینگل جلد صوبائی حکومت کا حصہ بن سکتے ہیں اور انہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ انہیں محکمہ داخلہ کا قلمدان دیے جانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
میر جہانزیب مینگل سردار اختر جان مینگل کے کزن ہیں۔ وہ 2024 کے ضمنی انتخاب میں PB-20 خضدار-III سے بی این پی (مینگل) کے امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں بھی ان کی جماعتی وابستگی بی این پی درج ہے۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی کے فلور پر دوسری جماعت میں شمولیت سے متعلق اعلان آئندہ 72 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
تاہم حکومت میں شمولیت، مشیر کے عہدے یا محکمہ داخلہ کے قلمدان سے متعلق ان دعوؤں کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔



