کیچ میں اے این ایف کی بڑی کارروائی، 3825 کلوگرام منشیات برآمد

کیچ: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے جُوسک میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ سے مجموعی طور پر 3825 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 8 کلوگرام ہیروئن شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت 56 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

اے این ایف کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات عارضی طور پر ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ فورس کا کہنا ہے کہ منشیات افغانستان سے پاکستان منتقل کی گئی تھیں اور انہیں بعد ازاں سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کرنے کا منصوبہ تھا۔

کارروائی کے بعد منشیات قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ اے این ایف کے مطابق اسمگلنگ نیٹ ورک اور اس سے منسلک سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے، جبکہ ادارے کی جانب سے ملک بھر میں انسدادِ منشیات کارروائیاں جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں